مالدیپ میں بھارت مخالف صدر محمد معیزو کی جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں میدان مارلیا


مالی(صباح نیوز)مالدیپ میں بھارت مخالف پالیسی رائج کرنے والے صدر محمد معیزو کی جماعت نے جنرل الیکشن میں بھاری اکثریت سے فتح حاصل کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مالدیپ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں صدر محمد معیزو کی جماعت پیپلز نیشنل کانگریس نے 93 میں سے 65 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔

اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی صرف 12 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پیپلز نیشنل کانگریس کی اس کامیابی کی وجہ صدر محمد معیزو کی بھارت کے خلاف سخت پالیسی کو قرار دیا جا رہا ہے۔صدر محمد معیزو نے مالدیپ کی برسوں پرانی انڈیا فرسٹخارجہ پالیسی کو غلامانہ سوچ قرار دے کر تبدیل کیا اور بھارتی فوجیوں کو مالدیپ سے چلے جانے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

صدر معیزو کی نئی خارجہ پالیسی پر مودی سرکار سیخ پا ہو کر رہ گئی لیکن بھارت کی ایک بھی دھمکی کا مالدیپ پر کوئی اثر نہیں ہوا بلکہ صدر معیزو نے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔ صدر محمد معیزو کی بھارت مخالف اور چین نواز پالیسی کو عوام کی جانب سے کافی پذیرائی ملی جس کا ثبوت عام انتخابات میں کامیابی کی صورت سامنے آیا۔