ن لیگ مولانا کو منانے سے پہلے بڑے میاں کو منائیں: حافظ حسین احمد

کوئٹہ (صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے رانا ثنا اللہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا  ہے کہ مسلم لیگ ن مولانا صاحب کو منانے سے پہلے بڑے میاں کو منائیں، ہم ماننے نہیں بلکہ اپنی بات منوانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں جے یو آئی سول بالادستی کے مطالبے پر میدان میں نکلی ہے، مسلم لیگ ن موقع پرست جماعت ہے جب مشکل میں ہوتی ہے تو گلے سے لگاتی ہیں اور جب مشکل سے نکل جائے تو گلے پڑ جاتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ ہم مولانا فضل الرحمن کو منانے کی کوشش کریں گے ،رانا صاحب آپ ہمیں چھوڑیں پہلے اپنے بڑے میاں کو منائیں وہ سب سے زیادہ ناراض ہیں کیوں کہ نوازشریف کے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کا خواب مسلم لیگ ن نے ہی چکنا چور کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی رانا ثنا اللہ سے پوچھے کہ آخر میاں نواز شریف کے وزیر اعظم بننے میں کون رکاوٹ تھا ایسے حالات کس نے پیدا کئے کہ بڑے میاں کے بجائے چھوٹے میاں کو وزیر اعظم بنایا گیا؟ یہ کوئی عام سی بات نہیں بلکہ اسی سوال میں سب جواب چھپے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف ان کے اتنے فرمانبردار ہیں کہ اپنے ہی محسن کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا درحقیقت مسلم لیگ ن اپنے محسنوں سے دغا کرنے میں کبھی دیر نہیں کرتی۔