آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کی میزبانی میں عالمی زوالوجی کانفرنس منگل کو مظفر آباد میں شروع ہوگی


مظفرآباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادکی میزبانی میں تین روزہ بیالیسویں (42nd)عالمی پاکستان کانگرس آف زوالوجی کنگ عبداللہ کیمپس جامعہ کشمیر میں 23اپریل کو شروع ہوگی جس میں دنیا بھر سے نامور سائنسدان، محققین، فیکلٹی ممبران اور سکالرز شریک ہونگے

۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان انجمن حیوانات (زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان) کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس عالمی کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا،سوئزلینڈ، گریس، چین، ترکیہ اوردنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے،دانشور،محققین،اساتذہ اور طلبا و طالبات شریک ہونگے۔

کانفرنس میں یونیورسٹی آف بلتستان،شہیدبینظیربھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈایمنل سائنسز سندھ،پرسٹن یونیورسٹی کراچی،اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور،یونیورسٹی آف اوکاڑہ،بابا گرونانک یونیورسٹی فیصل آباد،چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز،فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس سائنسز اینڈٹیکنالوجی سمیت کئی دیگر جامعات کے وائس چانسلرز،فیکلٹی ممبران،سکالرز سمیت ایک ہزار سے زائد مندوبین شرکت کریں گے جبکہ پانچ سو سے زائد زوالوجی کے میدان میں اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔

تین روزہ کانفرنس کے مختلف سیشنزکے دوران زوالوجی کے میدان میں تازہ ترین تحقیق،ترقی،موجودہ مسائل اور دستیاب مواقعوں پر تحقیقی مقالے، مزاکرے اور لیکچرز ہونگے۔ کانفرنس میں انٹامالوجی وپیسٹ مینجمنٹ،سیل بیالوجی، مالیکیولر بیالوجی، بائیوانفارمیٹکس،انوائرمینٹل بائیوٹیکنالوجی، جنیٹکس،وائلڈلائف کے تحفظ سمیت دیگر کئی موضوعات پر مقالہ جات پیش کیے جائیں گے۔افتتاحی تقریب جامعہ کشمیر کے عظیم الشان کنگ عبداللہ کیمپس کے مرکزی آڈیٹوریم میں صبح نو بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر،چوہدری انوارالحق ہونگے۔

افتتاحی تقریب سے جنرل سیکرٹری و صدر زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان،وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور مہمان خصوصی وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر چوہدری انوارالحق خطاب کریں گے۔افتتاحی تقریب کے دوران زوالوجی کی فیلڈ میں گراں قدر خدمات پیش کرنے والے محققین کو میڈلز اور ایوارڈ ز سے بھی نوازا جائے گا۔جامعہ کشمیر میں تین روزہ عالمی پاکستان کانگرس آف زوالوجی کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے اور اس کانفرنس میں شرکت کی غرض سے دنیا بھر سے آنے والے مندوبین کو تمام مطلوبہ سہولیات بطریق احسن فراہم کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔