امیت شاہ نے بھی پاکستان میں ٹارگٹ کلنگز کا اعتراف کرلیا


نئی دہلی—بھارت کے وزیرِدفاع راج ناتھ سنگھ کے بعد اب بھارتی  وزیرِداخلہ اور وزیرِاعظم نریندر مودی کے دستِ راست امِت شاہ نے بھی پاکستان میں ٹارگٹ کلنگز کا اعتراف کرلیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں امِت شاہ نے کہا کہ یہ سارے قتل چاہے کسی نے بھی کیے ہوں، میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ مغربی میڈیا کو آخر پریشانی کیا ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی اخبار دی گارجین نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں 20 سے زائد ٹارگٹ کلنگز کی ہیں یا کروائی ہیں۔ بھارتی وزیرِدفاع راج ناتھ سنگھ نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کے شائع ہونے کے اگلے ہی دن تسلیم کیا تھا کہ بھارتی ایجنسیوں نے اپنا کام کیا ہے۔ اب بھارتی وزیرِ داخلہ نے بھی اپنے انٹرویو میں یہی بات کہی ہے۔امِت شاہ کا کہنا تھا کہ خفیہ ادارے اپنا اپنا کام کر رہے ہوتے ہیں۔ کوئی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرتا اور کسی کو ان کے طریقِ کار پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہوناچاہیے۔