سری نگر— جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں بھارتی انتخابات ( لوک سبھا انتخابات) جموں وکشمیر کی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے متعلق ہیں۔ یہ الیکشن جموں وکشمیر کے وسائل کو بچانے کے لئے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک ریلی کے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج بجلی، پانی اور سڑک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ آج کے الیکشن جموں و کشمیر کی شناخت کے متعلق ہیں۔ان کا کہنا تھا: آج ہمیں جموں و کشمیر کے وسائل اور شناخت کو بچانا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے وقار کو بچانا ہے۔قبل ازیں انہوں نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ جموں وکشمیر میں بے روز گاری بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا: ہمیں جیلوں میں بند نوجوانوں کی رہائی اور جموں و کشمیر کے تحفظ کے لئے مل جل کر کام کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا: یہاں بجلی فیس 2 سو روپیہ ماہانہ تھا جو آج 2 ہزار روپیہ ماہانہ بن گیا ہے، لوگوں کو راشن برابر نہیں مل رہا ہے، ایسا نہ ہو کہ ہمیں غلام بنایا جائے۔
سابق وزیر اعلی نے لوگوں کو حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: میری آواز کا تب تک کوئی معنی نہیں ہے جب تک نہ لوگ میری آواز کے ساتھ آواز ملائیں گے۔انہوں نے کہا: ہم خاموش نہیں رہ سکتے ہیں جب تک ہم زندہ ہیں ہم تب تک جد وجہد جاری رکھیں گے۔