ایکس کے مالک ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا

واشنگٹن(صباح نیوز)گاڑیاں بنانے والے نمایاں ادارے ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم X کے مالک ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔ ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ ٹیسلا کے حوالے سے ذمہ داریاں اس وقت زیادہ اہم ہیں اس لیے بھارت کا دورہ اِسی سال کسی وقت کیا جائے گا۔ایلون مسک 21 تا 23 اپریل بھارت کا دورہ کرنے والے تھے۔

اس دورے میں انہیں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنی تھی اور ساتھ ساتھ وہ بھارت میں 2 سے 3 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کرنے والے تھے۔انڈین مارکیٹ میں ٹیسلا کی انٹری کا ایک زمانے سے انتظار ہو رہا ہے۔ بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کاریں بنانے والے جو ادارے بھارت میں سرمایہ کاری کریں گے ان کی بنائی ہوئی گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی گھٹادی جائے گی۔نارمل اور الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والے چینی اداروں کی طرف سے ٹیسلا کو غیر معمولی مسابقت کا سامنا ہے جس کے باعث بہت سے منصوبے سرد خانے میں ڈال دیے گئے ہیں۔