کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوجی مظالم میں اضافے پر شدید تشویش کااظہار


سرینگر:مقبوضہ جموںکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے محاصروں اور تلاشی کی کارروائی ، گھروں پر چھاپوں اور بے گناہ لوگوں کی پکڑ دھکڑ میں تیزی پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو شدید انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدلرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوںکو بڑے پیمانے پر گرفتار کے انکے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو چلینج کرنے پر کشمیریوںکو شدید انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت اور اسکا جانبدار میڈیا مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے کا دعوی کر رہے ہیں لیکن بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری جبر واستبداد کی کارروائیاں اس دعوے کی مکمل طور نفی کر رہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی جابرانہ کارروائیوں نے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت اور گھٹن کا ایک ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ لوگ بات کرنے سے کتراتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے کے حالات کے حوالے سے دنیا کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر ہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک مسئلہ ہے جسے حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیںہوسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ، شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ، ہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہرقیمت پر حفاظت کرنی ہے ، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی کے خلاف مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ ترجمان نے علماء اور آئمہ کرام پر زور دیا کہ بھارتی جبر وستم اور اسکے غیر قانونی تسلط سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں کریں۔