اسرائیل کیخلاف فوری جوابی کارروائی کا کوئی منصوبہ نہیں، ایران

تہران(صباح نیوز) ایرانی شہر اصفہان پر حملے کے چند گھنٹے بعد سینئر ایرانی اہلکار نے بتایا کہ ایران کا اسرائیل کے خلاف فوری جوابی کارروائی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایرانی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم پر کوئی بیرونی حملہ نہیں ہوا ہے، واقعے کے غیر ملکی ذرائع کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ہمارے درمیان بحث حملے سے زیادہ دراندازی کی طرف ہے ۔

قبل ازیں دو امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو ایران پر مبینہ اسرائیلی میزائل حملے کا دعوی کیا تھا تاہم اسرائیل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان مبینہ میزائل حملوں کے چند گھنٹے بعد ایران کے سرکاری ٹی وی پر دعوی کیا گیا تھا کہ اصفہان میں فضائی دفاع کے ذریعے مار گرائے گئے ڈرون ایران کے اندر سے ہی اڑائے گئے تھے۔