سری نگر:آل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بے انتہا جبر وستم کا نشانہ بنارہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے انہیں یہ حق دینے کی بات کی ہے لیکن بھارت نے طاقت کے بل پر انکا یہ حق دباؤ رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر میں رائے شماری کے انعقاد میں بھارتی ہٹ دھرمی بنیادی رکاوٹ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف مظالم کی انتہا کر دی ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کر رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو خوف ودہشت کا شکار کرنے کیلئے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ، بھارتی فورسز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر رہی ہیں۔
ترجمان نے جیلوں میں نظر بند حریت رہنماں کارکنوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر کو بدترین جسمانی و ذہنی تشدد نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی رہنما دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے سے جیلوں میں بند ہیںجن میںڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، جاوید احمد خان، واحد احمد نائیکو، فیروز احمد ڈار، عبدالحمیدتیلی، محمد علی بٹ، طارق احمد متو، محمود ٹوپی والا، بشیر احمد پنوں، فیاض احمد، شرف الدین گجر، محمد اشرف پیر، عبدالغنی گونی، لطیف احمد واجہ، علی محمد کلی، خالد محبوب پھلوان، مقصود احمد بٹ ، فیروز احمد بٹ، پرویز احمد میر، محمد عباس وانی، فاروق احمد شیخ، عبدالمجید بابا اور فہد اللہ اور دیگر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل نظر بندی اور بے انتہا جبر کے باوجود نظر بندوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کشمیر کاز کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی ، ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے ۔