ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈہ پور کی چھوڑی ہوئی نشست حلقہ این اے چوالیس ڈیرہ پر ضمنی انتخابات21 اپریل 2024ء کو ہو رہے ہیں۔ ایک خاتون سمیت کل 18 امیدوار انتخابی دنگل میں حصہ لیں گے’ جمعیت علماء اسلام (ف) انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرے گی’ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور نے اپنے بھائی سابق صوبائی وزیر فیصل امین کو میدان میں اتارا ہے’ کوئی بھی سیاسی جماعت فیصل امین گنڈہ پور کے مقابلے میں مضبوط امیدوار نہیں لا سکی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور کی ڈیرہ اسماعیل خان میں چھوڑی ہوئی نشست حلقہ این اے 44 پر ضمنی انتخابات 21 اپریل 2024ء کو ہو رہے ہیں۔ انتخابات میں ایک خاتون سمیت کل 18 امیدوار انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈہ پور نے اپنے بھائی اور سابق صوبائی وزیر فیصل امین خان گنڈہ پور کو میدان میں اتارا ہے جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) انتخابی عمل کا مکمل طور پر بائیکاٹ کر رہی ہے۔ حلقہ این اے چوالیس ڈیرہ اسماعیل خان 1 تحصیل پہاڑپور، میونسپل کمیٹی تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان، کینٹ، قانونگو حلقہ ڈیرہ اسماعیل خان، شورکوٹ، چہکان، ڈیرہ اسماعیل خانقانونگو حلقہ بشمول کوٹلہ سیداں پٹوار حلقہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان علاقہ جات پر مشتمل ہے اس حلقہ کی کل آبادی 7 لاکھ 72 ہزار 2 سو 67 افراد پر مشتمل ہے جبکہ تحصیل پہاڑپور کی آبادی 3 لاکھ 9 ہزار 9 سو 37 افراد پر مشتمل ہے۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کل 57 ویلیج کونسل اور 129 نیبر ہوڈ کونسل ہیں۔ حلقہ این اے چوالیس ڈیرہ اسماعیل خان ون میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 391882 ہے جس میں 208481 مرد ووٹرز اور 183401 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لیے حلقہ میں کل 358 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جن میں 126 مردانہ، 115 خواتین جبکہ 117 کمبائن پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ کل 1172 پولنگ بوتھ بنائے گئے جن میں 635 مردانہ اور 537 خواتین کے لئے پولنگ بوتھ ہیں۔ حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے کل 18 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہیں ہیں۔
ان اٹھارہ امیدواروں میں اختر سعید ایڈووکیٹ تحریک لبیک کی ٹکٹ پر، امبر ملک ایڈووکیٹ آزاد امیدوار، جاوید عمران المعروف سہیل راجپوت آزاد امیدوار، ضمیر حسین لغاری پاکستان مسلم لیگ ن، مولانا ضیاء الرحمن آزاد امیدوار، عبدالرشید خان کنڈی آزاد امیدوار، مولانا عبیدالرحمن آزاد امیدوار، عزیزاللہ علیزئی آزاد امیدوار، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سردار فیصل امین گنڈاپور، مبشر کنڈی آزاد امیدوار، محمد ارسلان عزیز آزاد امیدوار، محمداعجاز جماعت اسلامی، محمد ایوب آزاد امیدوار، محمد تنویر آزاد امیدوار، محمد عدنان آزاد امیدوار، محمد فواد پاکستان نظریاتی پارٹی، محمد کفیل نظامی آزاد امیدوار اور محمد یعقوب شیخ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ متوقع ضمنی انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور کے بھائی فیصل امین گنڈہ پور کے مقابلے میں اپنا مضبوط امیدوار نہیں لا سکی۔