وزارت مذہبی امور نے حج کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی

اسلام آباد(صباح نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی، عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے فلائٹ آپریشن 9 مئی سے شروع ہوگا اور 9 جون تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق حج آپریشن ملک بھر کے 8 ہوائی اڈوں کے ذریعہ مکمل کیا جائے ۔ اسلام آباد لاہور اور کراچی سمیت کوئٹہ،سکھر،سیالکوٹ رحیم یار خان ایئر پورٹس پر آپریشن ہوگا۔

پشاور کے عازمین اسلام آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔فیصل آباد کے عازمین لاہور ایئرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔ رواں سال کراچی ایئرپورٹ پر پہلی بار روڈ ٹو مکہ سروس شروع ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت جانے والے عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔

چار ایئرلائنز حج فلائٹ آپریشن میں حصہ لیں گی جن میں سعودی ایئر لائن،پی آئی اے،سیرین ایئر لائن اورایئربلیو شامل ہیں۔عازمین حج کی ویکسینشن کا عمل 30 اپریل سے 10 حاجی کیمپوں میں شروع ہوگا۔سرکاری حج سکیم کے تحت 69 ہزار 500 عازمین حج حجاز مقدس جائیں گے۔