اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال


 اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام برطانیہ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی طرف گامزن ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے لئے سیاسی اتفاق رائے ناگزیر ہے، پاکستانی قوم ایک پرعزم قوم ہے اور ماضی میں ملک کو چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نکلا ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعاون سے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان بات چیت سے معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے ۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانیہ کی قومی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، پاک برطانیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، اسلام آباد میں یوکے ہائی کمیشن دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گا، پارلیمانی دوستی گروپس کے پلیٹ فارم سے دونوں ممالک کے مابین مضبوط پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔