چیف جسٹس قاضی فائزعیسی کی سربراہی میں بنچ کراچی رجسٹری میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 22اپریل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 3رکنی بینچ 22اپریل سوموار سے 26اپریل جمعہ کے روزتک سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جاری کاز لسٹ میں کہا گیا ہے کہ فیکس یا ای میل کے زریعہ موصول ہونے والی کوئی التوای کی درخواست بینچ کے سامنے نہیں رکھی جائے گی،اگر کوئی وکیل کسی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتا توایڈووکیٹ آن ریکارڈ پیش ہوکردلائل دیں۔ کسی بھی وجہ سے کوئی التوانہیں دیاجائے گا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں کیسز کی سماعت کررہے ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سوموار اورمنگل کے روز کیسز کی سماعت کی۔ جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل چار رکنی لارجر بینچ نے بدھ کے روز کیسز کی سماعت کی جبکہ یہی بینچ جمعرات کے روز بھی کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان پر مشتمل دورکنی بینچ19اپریل (جمعہ کے روز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسز کی سماعت کرے گا۔ ZS