باجوڑ(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 سے امیدوار سید اخونزادہ چٹان کی گاڑی پر بم دھماکہ ہوا ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) باجوڑ بخت منیر نے تحصیل ماموند میں پیپلز پارٹی کے رہنما پر حملے کی تصدیق کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما پر حملہ اس وقت کیا گیا جب کہ وہ جلسہ سے خطاب کے بعد واپس خار آرہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی بم پروف ہونے کی وجہ سے اخونزادہ چٹان محفوظ رہے۔ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے کہا کہ اخونزادہ چٹان دھماکے میں محفوظ رہے، علاقہ ماموند میں بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں 21 اپریل کو ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما اخونزادہ چٹان انتخابی مہم پر تھے۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ 2015 میں بھی باجوڑ ایجنسی میں اخونزادہ چٹان کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس میں بھی وہ محفوظ رہے تھے۔31 جنوری کو انتخابی مہم کے دوران آزاد امیدوار ریحان زیب خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، وہ این اے 8 اور پی کے 22 سے امیدوار تھے، ان کے قتل کے بعد دونوں نشستوں پر 8 فروری کو ہونے والے الیکشن ملتوی کردیے گئے تھے۔۔