صدر کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر کل (جمعرات کو)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان ، اعلی عسکری قیادت سمیت اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے ۔صدارتی خطاب سے نئے پارلیمانی سال کا آغازہوگا۔پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج  سہ پہر 4 بجے ہو گا، اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اجلاس کی صدارت کریں گے ۔آئین کے آرٹیکل چھپن (تین) کے تحت عام انتخابات کے بعد پارلیمانی سال کے آغاز پر صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ضروری ہے ۔

قومی اسمبلی اور سینٹ کے مشترکہ اجلاس سے آصف علی زرداری کا یہ ریکارڈ ساتواں خطاب ہو گا۔ایوان صدر میں دو ہزار آٹھ سے دو ہزار تیرہ تک اپنی پانچ سالہ مدت صدارت میں انہوں نے چھ مرتبہ پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں نئے  پارلیمانی سال کے آغاز پر اجلاس سے خطاب کریں گے۔پاکستان کی سولہویں قومی اسمبلی کے وجود میں آنے کے بعد یہ پارلیمنٹ کا پہلا مشترکہ اجلاس ہو گا۔روایت کے مطابق مشترکہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزرائے اعلی اور گورنر شریک ہوتے ہیں جبکہ سفرا اور اہم شخصیات کی شرکت اور خطاب  سننے کی روایت ہے۔،

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق  مشترکہ اجلاس سے متعلق تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان، صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلی کو شرکت کے دعوت نامے جاری کردیے گئے ، مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس کو خصوصی دعوت دی گئی ہے، مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، گورنر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کے  اسپیکرز، اسپیکر آزاد جموں کشمیر اور اسپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔مشترکہ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کے لئے خصوصی دعوت نامے کا ہونا ضروری ہے۔ بغیر خصوصی دعوت نامے کے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ممکن نہیں ہو گا۔