اسلام آباد +پشاور (صباح نیوز) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے گورنرحاجی غلام علی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔صوبہ میں متاثرین بارشوں کی امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلی نے بتایا کہ متاثرین کیلئے فنڈزجاری کردیے گئے ہیں اور کوشش ہے کہ کوئی بھی امداد سے محروم نہ رہ جائے۔ تمام اداروں کی مشترکہ طور پر بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں عوام کی مدد اور بحالی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کی تجویز پر مشاورت ہوئے تاکہ مشترکہ کوششوں سے بحالی و امدادی کام جلد مکمل کیا جا سکے۔
علی امین خان گنڈاپور نے کہاکہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں تمام اداروں کے ساتہ ملکر امدادو بحالی کے کام جاری ہیں اور انشا اللہ مشترکہ کوششوں سے بحالی و امدادی سرگرمیوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گورنر کی زیرصدارت حالیہ بارشوں سے صوبہ میں جانی و مالی نقصانات اور امدادی و بحالی سرگرمیوں سے متعلق ا نجمن ہلال احمر بندوبستی اضلاع اورانجمن ہلال احمر ضم اضلاع کا ایک اعلی سطح بھی منعقد ہوا،
اجلاس میں چیئرمین ہلال احمر بندوبستی اضلاع حبیب ملک اورکزئی اور چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر نے گورنر کو صوبہ میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات، امدادی و بحالی سرگرمیوں سے متعلق مفصل رپورٹ پیش کی۔ گورنر کو بتایا گیا کہ صوبہ کے بارشوں سے متاثرہ اضلاع پشاور، چارسدہ، سوات، چترال، دیر، ٹانک،باجوڑ،خیبر اوردیگراضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالی اموات، مالی نقصانات اور متاثرین بارش کو فوڈ پیکجز کی فراہمی سے متعلق تحریری طور پر جامع رپورٹ ہلال احمر کے مرکزی دفاتر بجھوا دی گئی ہے۔ ہلال احمر کے رضاکار بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں بحالی و امدادی سرگرمیوں کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ میں قائم ہلال احمر کی دونوں برانچز گورنر کی ہدایات کے مطابق این ڈی ایم اے، صوبائی حکومت، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور عوام علاقہ کے ساتھ ملکر مشترکہ امدادی و بحالی کاموں کو یقینی بنارہی ہے۔ اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے ہلال احمر کے چیئرمینز کو ہدایت دی ادارے کی رپورٹ کو صوبائی حکومت اورچیف سیکرٹری کوبھجوادی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ بارشوں سے متاثرہ بندوبستی و ضم اضلاع میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی اور بحالی و امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جائے اورمتاثرین کوہرممکن ریلیف پہنچایاجائے۔
اس ضمن میں عالمی ڈونر اداروں کی توجہ بھی مبذول کرائی جائے تاکہ دکھ و غم کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی مکمل امداد اور انکے مالی نقصانات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔انجمن ہلال احمرنے قدرتی آفات میں ہمیشہ آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کی ہے،بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہورہاہے جس کیلئے پہلے سے قومی وصوبائی محکموں، ضلعی انتظامیہ اورمقامی حکومتوں کے ساتھ ملکر حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے امدادی و بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جا سکتی ہے اور حقیقی متاثرین تک فوڈ پیکجز سمیت دیگر ضروری اشیا کی فراہمی میں شفافیت بھی لائی جا سکتی ہے۔