9 مئی کے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے،تحریک انتشار کے اندر پھوٹ ہے ،عطا تارڑ

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے، بلوچستان میں اپوزیشن جماعت کا پہلا جلسہ ناکام رہا، جو تقریر کی گئی تو یہ کمپنی چلنے والی نہیں، یہ آپس میں دست و گریباں ہیں، گوہر صاحب کی بات کو شیر افضل رد کردیتے ہیں، تحریک انتشار کے اندر آپس میں پھوٹ ہے،یہ اپوزیشن کا اتحاد کیا بنائیں گے، فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کابینہ میں کوئی بحث نہیں ہوئی، اس پر وزیر قانون ہی کوئی تبصرہ کریں گے،حکومت کے آتے ہی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں، سعودی عرب سے ایک نجی سیکٹر کا بھی وفد آئے گا، ان کے دورہ کو سہولت دی جائے گی اور جب وہ ہمارے سیکٹرز کے ساتھ کام کریں گے تو یہ معیشت کے لئے بڑا قدم ہوگا ۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ا نہوںنے کہا کہ پاکستان سٹرٹیجک لحاظ سے ایک جوہری ریاست ہے جس سنجیدگی سے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ معاملات پر بات کر رہے ہیں وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا نیا باب ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر سٹیٹ ہونا اعزاز کی بات ہے، حکومت کے آتے ہی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں، سب کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، یہ ہمارے لئے خوش قسمتی بھی ہے، وزیر اعظم اور ان کی کابینہ پالیسی سازی اور معیشت کی بہتری کے لئے  اپنے دن رات ایک کئے  ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی معیشت کے لئے کئے گئے فیصلے سے عالمی سطح پر پاکستان کی بڑی پذیرائی ہوئی، ایک جوہری ریاست ہونا بڑی بات ہے، پاکستان میں بہت سے قدرتی، آبی ذخائر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا سعودی کا دورہ بہت کامیاب رہا اور سعودی وفد نے کہا کہ ہم شہباز شریف کے دورے کی وجہ سے آئے ہیں، ہم سعودی وفد کے شکر گزار ہیں  جس طرح سرمایہ کاری کے حوالے سے سنجیدگی کا انہوں نے مظاہرہ کیا وہ خوش آئند ہے، ان کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے ریفائنری، ٹورازم کے بہت سے معاملات زیر بحث آئے جنہیں عملی جامع پہنایا جا رہا ہے اور چند دنوں میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا اور معاہدوں پر دستخط میں پیش رفت ہوگی۔عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب سے ایک نجی سیکٹر کا بھی وفد آئے گا،

ان کے دورہ کو سہولت دی جائے گی اور جب وہ ہمارے سیکٹرز کے ساتھ کام کریں گے تو یہ معیشت کے لئے بڑا قدم ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی ایک ساکھ ہے، وہ 24 گھنٹے کام کرنے والے لیڈر ہیں، اس کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں بھی ریکارڈ بن رہے ہیں، تو اس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا، وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا اس میں سعودی دورے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، گندم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، اس دفعہ گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں تو کابینہ نے فیصلہ کیا کہ چاروں صوبائی حکومتوں خط لکھا جائے گا کہ گندم کی پروکیورمنٹ کے ہدف بڑھائے جائیں تاکہ کسان سے زیادہ سے زیادہ گندم لی جائے اور اس کا ریٹ بھی اچھا رکھا جائے، اس سے کسان خوشحال ہوگا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اور دوست ممالک سے بھی وفد پاکستان آئے گا، اس حکومت کے آتے ہی جو دوست ممالک کے سربراہان کے پیغام آئے، عید پر جو گفتگو ہوئی وہ انتہائی خوش آئند ہے، ان ملاقاتوں میں غزہ کے حوالے سے بھی تفتیش کا اظہار کیا گیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان میں اپوزیشن جماعت کا پہلا جلسہ ناکام رہا، جو تقریر کی گئی تو یہ کمپنی چلنے والی نہیں، یہ آپس میں دست و گریباں ہیں، گوہر صاحب کی بات کو شیر افضل رد کردیتے ہیں، تحریک انتشار کے اندر آپس میں پھوٹ ہے،یہ اپوزیشن کا اتحاد کیا بنائیں گے، معیشت کی بہتری تازہ ہوا کا جھونکا ہے اس سے معاملات میں بہتری آئے گی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن ہمارا ساتھ دے لیکن میں نہ مانوں کی سیاست نہیں چل سکتی، ان کیسز پر توجہ دیں جو آپ کے رہنما بھگت رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک زور نہیں پکڑ پائے گی جو سفر ہم نے ترقی کا شروع کیا وہ جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کابینہ میں کوئی بحث نہیں ہوئی، اس پر وزیر قانون ہی کوئی تبصرہ کریں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے،

وزیر خزانہ امریکا میں ہے ان کی میٹنگز جاری ہے، ہم تمام ممالک سے دوستانہ روابط چاہتے ہیں، امید ہے قانون کے طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے 9 مئی والے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے اور سپریم کورٹ نے بھی کم سزا والے لوگوں کی فہرست طلب کر کے احکامات جاری کئے تھے۔پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پٹرول کی پرائس اس لئے بڑھ رہی ہے کیونکہ غزہ فلسطین کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمت بڑھ گئی ، اگلے چند ماہ میں بہتری لازمی نظر آئے گی۔