کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف شہباز حکومت کے اندر اپوزیشن کے چھپے رستم ثابت ہونگے، شہباز شریف ن کے نہیں بلکہ ان کے وزیر اعظم ہیں، پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو دنگل میں اتار کر خود تماشائی بن گئی ہے حکومت میں شامل ہونے کے باوجودپیپلز پارٹی کاکوئی کھلاڑی اکھاڑے میں موجود نہیں۔ وہ منگل کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں جیکب آباد کے صحافی زاہد حسین رند کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔
اس موقع پر حافظ خرم شہزاد، حافظ سعد عمر، حافظ زبیر احمد، محمود احمد، ظفر حسین بلوچ اور دیگر موجود تھے۔ حافظ حسین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے بقول اسلام آباد میں بیٹھے بابوں کی سوچ اور کم عقلی نے ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا ہے لیکن درحقیقت ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاوس کے مکینوں کی بدعنوانی اور لوٹ مار نے ملک کو معاشی بدحالی تک پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ہم سے زیادہ زرداری اور میاں نواز شریف اپوزیشن کا کردار ادا کررہے ہیں اور شہباز حکومت کے اندر زرداری اور نواز شریف اپوزیشن کے چھپے رستم ہیں، جے یو آئی رہنما نے کہا کہ میاں نواز شریف بہت کچھ بولنا چاہتے ہیں لیکن ان کو لب کشائی سے روکا جارہا ہے میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے آئے تھے لیکن ان کے ساتھ چھوٹے بھائی برادر یوسف ہاتھ کرگئے ہیں۔