خیبرپختونخوا میں موسلادھا بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 21 افراد جاں بحق، 32زخمی

پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں چار روز کے موسلادھار بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 21افراد جاں بحق جبکہ 32زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ، رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9مرد،3خواتین اور 9بچے شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق حادثات میں 95 مویشی پانی میں بہہ گئے جبکہ 330 گھروں کو نقصان پہنچا ، بارش سے 53 گھر مکمل تباہ ہوگئے

جبکہ 277 گھروں اور ایک سکول کو بھی جزوی نقصان پہنچاہے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلی کی ہدایات پربارش متاثرین کو امدادی چیک بھی دیے جا رہے ہیں اور امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیا ۔  امدادی سامان میں 200 خیمے، 100 کچن سیٹ، 200 کمبل شامل ہیں جبکہ متاثرین کو 100 چٹائیاں، 200 مچھر دانیاں اور 200 میٹریسس دیے گئے ہیں، متاثرین کو روزمرہ زندگی کی دیگر اشیا بھی دی گئی ہیں۔