بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں افرادبے گھر،الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری

راولپنڈی ( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کوریسکیوکے بعدمحفوظ مقامات پرپہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرین کو تیارکھانا، صاف پانی،بستر،خیمے، ترپال اور مچھردانیاں فراہم کی گئیں، جبکہ ایمبولینس،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرین کو ریسکیوکے بعدریلیف فراہم کررہی ہے۔ چئیرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ ومرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجاز اللہ خان کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں خیبرپختونخوااور بلوچستان کی سیلابی صورتحال،نقصانات اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لے کر مرکزی،ریجنل، اضلاع کی ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیموں کوالرٹ کردیاگیاہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوااور بلوچستان کے ریجنل دفاترمیں ایمرجنسی سیل قائم کردئیے گئے، جہاں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظرفوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مکانات گرنے،لینڈسلائڈنگ، برفباری کی وجہ سے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے،خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اورکئی علاقے زیرآب ہیں،کئی شہر اور بستیاں سیلاب میں ڈوب چکی ہیں،الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارتمام متاثرہ اضلاع میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہو کر ریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔گھروں،مساجداور دیگرمقامات میں داخل ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جا رہے ہیں۔