سری نگر: اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جیل میں قید پارٹی چیرمین عبدالصمد انقلابی کو تحریک آزادی کشمیر سے لاتعلقی پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان محمد عمیر کے مطابق عبدالصمد انقلابی کو پچھلے ہفتے بھارتی پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ جیل کے اندر ان کے ساتھ سخت تشدد کیا گیا۔ عبدالصمد انقلابی کو اس بات کا مطالبہ کیا گیا کہ وہ تحریک حریت جموں وکشمیر کے ساتھ لاتعلقی کا اظہار کریں۔
انھیں کہا گیا کہ آپ بھارتی میڈیا میں ایک بیان جاری کریں کہ میرا تحریک حریت کشمیر سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔ لیکن عبدالصمد انقلابی نے ہمیشہ کی طرح ان کو اپنا یہ موقف دہرایا کہ تحریک حریت کشمیر کے ساتھ میرا تعلق تھا، ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ آپ نے جو کرنا ہے کریں، میں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ سرینگر میں موجود اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان محمد عمیرنے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کے اس ظالمانہ طرزِ عمل کی وجہ سے قیدیوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے نظر بند حریت رہنما بہت مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ عالمی برادری اپنی مجرمانہ خاموشی سے بھارت کو حوصلہ افزائی کررہی ہے۔انہوں نے پاکستان کی اعلی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی اس قابل رحم صورت حال کو عالمی سطح پر اجاگر کریں تاکہ بھارتی جیلوں میں بند ہزاروں کی تعداد میں حریت رہنما اور کارکنوں کی مشکلات میں کمی لائی جائے