سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں 8اپریل کو لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش سرینگر کے علاقے شالہ ٹینگ کے قریب دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے ۔
مقبوضہ علاقے میں کئی لوگوں کو بھارتی قابض فورسز نے محاصرے کے دوران گرفتار کیا ہے ،ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شالہ ٹینگ کے علاقے مجہ گنڈ کے لوگوں نے خانقاہ معلٰی سرینگر کے فیاض احمد خان کی لاش دریائے جہلم سے برآمد کی اور پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ لاش کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملے تفتیش شروع کردی ہے۔
علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے جموں خطے میں دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔فورسز نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بشنہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا ۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت راہول دیو اور رویندر کمار کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے راجوری، ریاسی، بارہمولہ اور شوپیاں اضلاع میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتارکیا۔