جماعت اسلامی سندھ کا ملک بھرمیں بارش وآسمانی بجلی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں سمیت گھروں واملاک کے نقصان پر اظہار افسوس

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے بلوچستان ،پنجاب اورخیبرپختونخوا سمیت ملک بھرمیں بارش وآسمانی بجلی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں سمیت گھروں واملاک کے نقصان پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زوردیا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد نقصان کا ازالہ اورزخمیوں کا سرکاری طور علاج معالجہ کرایا جائے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگرحکومتی نااہلی وغفلت کی وجہ سے یہ عوام کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔ملک کے سب سے بڑے شہر اوردارالخلافہ کراچی میں معمولی بارش میں عوام کے لیے وبال جان بن جاتی ہے۔ترقیاتی کام اورندی نالوں کی صفائی کے نام پراربوں روپے خرچ کرنے کے باجود بارش کاپانی روڈ راستوں اورگلی محلوں سے گھروں تک تالاب کی شکل میں کھڑا رہتا ہے۔صوبائی رہنما نے زوردیا کہ بارش کا پانی نکالنے کے فوری اقدامات کرکے عوام کو ریلیف پہنچایا جائے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی مرحومین کے لیے مغفرت اورلواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔