جدہ (کے پی آئی )سعودی عرب میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا جس میں جامع مسجد سرینگر میں جمعتہ الوداع، شب قدر اور نماز عید کی ادئیگی پر پابندیوں اور عید چھٹی کی منسوخی جیسے مذموم اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیا۔
عید ملن کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کیا تھا۔کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں سردار وقاص عنایت اور راجہ پرویز نے محمد فاروق رحمانی کو سعودی عرب میں کشمیر بارے سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پراقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا گیاکہ وہ کشمیریوں پر عائد کی گئی کربناک پابندیوں کو ختم کرانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا مودی حکومت کشمیریوں سے اب ان کی روزی روٹی چھین رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام کو ہندتوا کے رنگ میں رنگا جارہا ہے اور اسلامی اوقاف پر بھی قبضہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ ریاست کی تاریخ اور مذہب کو الٹ پلٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر حل کرنے کے لئے مہم چلا نے کی ضرورت پر زوردیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے ایک ایک حصے کا غم ہمارا غم ہے۔ کیونکہ فلسطین سرزمین انبیا کرام ہے، مسجد اقصیٰ قبلہ اول ہے اور آزادی اس ملک کا بنیادی حق ہے۔اس کے بعدپا کستان کے کونسلر جنرل خالد مجید سے بھی تفصیلی ملاقات کی گئی جن کو مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق کتاب ”کشمیر کے خونچکاں ماہ وسال” پیش کی گئی۔ محمد فاروق رحمانی نے کونسلر جنرل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے کردار کو سراہا۔