جموں— مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک4سالہ بچی اور ایک خاتون سمیت کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع ڈوڈہ میں ٹھاٹھری سے کرہاوا پھگسو جانے والی ایک گاڑی خانپور-پھوگو میں حادثے کا شکار ہوئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں مختیار احمد ،ریاض احمد، ارینہ بیگم ،محمد رفیع اورایک چارسالہ بچی شامل ہے۔زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیاہے۔ زخمیوں میں 28سالہ محمد عامر ، 8سالہ اور10سالہ دو بچیاں،24سالہ سفیان شیخ اور صائمہ بیگم شامل ہیں۔یہ واقعہ ضلع ڈوڈہ میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کی نشاندہی کرتا ہے۔
سڑکوں کی خراب صورتحال، لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور حفاظت کے ناکافی اقدامات جیسے مختلف عوامل کی وجہ سے ان حادثات میں متعدد جانیں ضائع ہوتی ہیں۔دریں اثناء بٹوٹ ،کشتواڑ ہائی وے پر ایک سڑک حادثے میں ایک خانہ بدوش خاندان کی 20بھیڑیں اور بکریاں ہلاک اور 15 زخمی ہو گئیں۔ وہ ایک تیز رفتار گاڑی کے نیچے آکر کچلے گئے۔
اس واقعے کے بعد خانہ بدوش خاندان نے احتجاج کرتے ہوئے ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین انتظامیہ سے معاوضے اور حادثے میں ملوث ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔