شریف خاندان قیدی نمبر 804سے خوفزدہ ہے ،آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے ،عمرایوب


کوئٹہ (صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائدِ حذبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ شریف خاندان قیدی نمبر 804 سے خوفزدہ ہے ، پی ٹی آئی نے عوام کو شعور دیا، آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے ، یہ حکومتیں ختم ہو جائیں گی۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ان کی جماعت آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے، یہ پرانا پاکستان نہیں، لوگ بیدار ہو چکے ہیں۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ پشین اور چمن جلسوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھنڈے نہیں لہرانے دیئے گئے، کارکنوں کو زد و کوب کیا گیا ، رکاوٹوں کے باوجود جلسے کامیاب ہوئے، ہمارے اتحاد میں شامل جماعتیں پورے ملک میں جلسے کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی بہت جلد رہا ہوں گے، سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں ہونا چاہئے،سویلین کیلئے سویلین عدالتیں ہونی چاہئیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پہلے بلوچستان کے لوگوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔