لاہور(صباح نیوز)قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے نوشکی بلوچستان میں دہشت گردی واقعہ میں مزدوروں کے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری تحقیقات اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔
انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں اور خصوصی طور پر بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کو کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنے اور ملک میں امن عامہ کے قیام میں واضح طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ امن کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی اور ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جاں بحق افراد کے خاندانوں کی مالی مدد کرے۔ مزیدبرآں لیاقت بلوچ نے بلوچستان، پنجاب اور خبر پختوانخواہ میں بارشوں اور ژالہ باری میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ ایمرجنسی اقدامات کے تحت لوگوں کو ریلیف پنچایا جائے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔ انہوں نے بلوچستان میں باغات اور پنجاب میں گندم کی فصل کے نقصان پر کسانوں، کاشتکاروں کی حکومت کی جانب سے مدد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔