نئی دہلی (صباح نیوز)اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال بند کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز نے صبح ایرانی فضائی حدود کا استعمال کرنے سے گریز کیا اور طویل راستہ اختیار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یورپ جانے والی ایئر انڈیا کی تمام پروازوں کو اب منزل تک پہنچنے میں 2 گھنٹے کا اضافی وقت لگ سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لئے ایئر انڈیا کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ایرانی فضائی حدود کے جنوب سے پرواز کرتی ہیں۔دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں 2 جنگی بحری بیڑے تعینات کردیئے ۔ امریکی صدر پہلے ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر جلد حملے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امکان ہے ایران اسرائیل پر جلد حملہ کرے گا۔