نوشکی (صباح نیوز)نوشکی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق 9 افراد کی میتیں کوئٹہ سے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔لاشیں کوئٹہ سے آبائی علاقوں میں پہنچائی جائیں گی، جاں بحق افراد کا تعلق منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے ہے۔ گزشتہ شب کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس سے 9 مسافروں کو اتار کر اغوا اور قتل کر دیا گیا تھا، گولیاں لگی لاشیں قریبی پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے ملی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی کے مطابق قومی شاہراہ پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا تھا، مسلح افراد نے نہ رکنے پر گاڑی کو نشانہ بنایا تھا، ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوشکی میں فائرنگ سے 11 افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا تھا کہ معصوم افراد پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا ہے۔