جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بطور قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی۔وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کی مطابق، صدر مملکت کی منظوری سے جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق، جسٹس اشتیاق ابراہیم کو پارلیمانی کمیٹی کی منظوری کے بعد پشاور ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 30 سال تک عدلیہ میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی مدت ملازمت کے دوران سپریم کورٹ کے لیے اپنا نام زیر غور نہ آنے پر نہایت سلیقے سے شکوہ کا اظہار کی تھا۔3 اپریل کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسی کو کے نام ایک خط میں انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ سپریم کورٹ میں 4 ججز کی آسامیاں خالی تھیں لیکن آپ نے پختونخوا کو نظر انداز کرکے سپریم کورٹ میں صرف ایک جج کا تقرر کیا اور وہ بھی اپنے صوبے سے، بطور ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل مجھے امید تھی کی بطور سپریم کورٹ جج میرے نام پر غور کیا جائیگا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔۔