غاصب قوتوں نے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے، مسرت عالم

نئی د ہلی :کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ  غاصب قوتوں نے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے، مسرت عالم بٹ جو جموں وکشمیر مسلم لیگ کے سربراہ بھی ہیں ، نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ مسلم دنیا اس وقت آزمائش و ابتلا کے ایک انتہائی کھٹن دور سے گزر رہی ہے ، غاصب قوتوں نے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جبروستم کی انتہا کر دی ہے اور وہ علاقے میں اپنے نو آبادیاتی اایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ گو کہ عید ایک انتہائی پرمسرت دن ہے لیکن کشمیری اس وقت جس بے انتہا جبر وستم کا شکار ہیں اس کی وجہ سے وہ اس دن کی حقیقی روح اور خوشیوں سے محروم ہیں۔

مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیری وفلسطینی عوام قربانیوں کی ایک بے مثال تاریخ رقم کررہے ہیں،عظیم قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جائیں گی ، جارح وظالم قوتوںکو ایک دن ہزیمت سے ضرور دوچارہونا پڑے گااور آزادی کی صبح طلوع ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن و سنت کی تعلیمات پر پوری طرح سے عمل پیرا ہو کر ہی تمام مشکلات و مصائب سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں دشمن کے مذموم منصوبوں ، سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔حریت چیئرمین نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عید گارہ سرینگر میں عید نماز کی ادائیگی کی جازت نہ دینے پر قابض بھارتی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی معاملات میں صریح مداخت قرار دیا۔