سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں ایک کشمیری اورنوجوان کو شہید کر دیاجبکہ قابض فوج نے بھارت کے پارلیمانی الیکشن سے قبل شروع کئے گئے کریک ڈاون کے دوران مزید تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے ،کے پی آئی کے مطابق پلوامہ میں ایک نوجوان کو ضلع کے علاقے فریسی پورہ میں بھارتی پیراملٹری فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا ۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔
علاوہ ازیں ضلع بارہمولہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 3کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی فوج اور پولیس کشمیری نوجوانوں کو خاص طور پر آئندہ بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل الیکشن مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کررہی ہے ۔گرفتار کئے گئے نوجوانوں میںاویس احمد وازہ، باسط فیاض اور فہیم احمدشامل ہیں جنہیں بارہمولہ قصبے سے گرفتارکیاگیا ہے۔
دریں اثناء ضلع بانڈی پورہ میں آج آتشزدگی کے سبب دو رہائشی مکانات اور ایک دکان مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔ ضلع کے علاقے اشٹنگو میںآگ ایک مکان میں لگی اور تیزی سے پھیل گئی ۔ اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے باعث دو گھر اور ایک بیکری کی دکان خاکستر ہو گئے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے شدید کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ضلع بانڈی پورہ میںایک ٹریفک حادثے میں ایک لڑکی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ ضلع کے علاقے چرٹنگو سدرکوٹ میںایک تیز رفتار لوڈ کیرئر الٹنے کے سبب پیش آیا۔ گیارہ سالہ لڑکی فرقانہ موقع پرجاں بحق جبکہ تین افرادزخمی ہو گئے۔پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔