کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بلدیاتی کالے قانون کیخلاف وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے احتجاج کرنے والوں پر پولیس تشدد، لاٹھی چارج ،آنسوگیس کی شیلنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کیخلاف ورزی اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی وقانونی حق ہے مگر طاقت کے غلط استعمال سے بدترین تشدداور آنسو گیس کی شیلنگ فسطائیت وآمرانہ طرز حکومت کی نشاندہی کرتا ہے۔
صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت کسی بھی احتجاج پر تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرکے مسائل کو افہام وتفہیم کے ساتھ م حل کرے، صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنان کو فوری طور پر رہا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں.