کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:شبیر شاہ

نئی دہلی (صباح نیوز) غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے عید الفطر کے موقع پرکشمیری، فلسطینی اورتشدد سے متاثرہ دیگر مظلوم مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں حریت رہنماء نے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ غریبوں، ضرورت مندوں اور یتیموں کی مدد کریں اور ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں سمیت دنیا بھرکے مظلوم مسلمانوں کو درپیش مشکلات دور کرے اور انہیں آزادی اور سکون عطا کرے۔انہوںنے فلسطین اور کشمیر میں جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا جہاں قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ شہری شہیدہورہے ہیں۔ انہوں نے ظالم حکومتوں کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالے سے شبیر شاہ نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کشمیری عوام کی حوصلے اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزاحمتی تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی کوششوں کو بھی سراہا۔