علی رضا سید کی مقبوضہ کشمیر میں مذہبی اجتماعات پر پابندی کی مذمت


برسلز:کشمیر کونسل یورپ(کے سی ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے سری نگر کی مرکزی جامع مسجد میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے اجتماع پر پابندی سمیت مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر پابندیوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے بھارتی حکام کی طرف سے جمعہ الوداع (رمضان کے آخری جمعہ 5 اپریل 2024 کو) کے موقع پر سری نگر کی مرکزی جامع مسجد کو تالے لگانے کی مذمت کے لیے برسلز سے ایک بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا، سرینگر کی جامع مسجد کا لاک ڈان ہرگز قابل قبول نہیں کیونکہ یہ مذہبی آزادی سے متعلق بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر کی جامع مسجد پر تالے لگانا اور میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کو رمضان کے آخری جمعہ کی امامت سے روکنا کشمیری شہریوں کے مذہبی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جبکہ بھارتی حکام کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کو 1947 سے ایسی صورتحال کا سامنا ہے۔چیئرمین کے سی ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی رسومات کی اجازت دینے کے لیے بھارتی حکومت پر دبا ڈالے۔

علی رضا سید نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ سمیت اہم مذہبی اجتماعات اور عید کے اجتماعات پر کئی سالوں سے پابندی ہے۔ ایسے ناقابل قبول اقدام سے بھارت کا مقصد کشمیری شہریوں کی آواز کو طاقت کے ذریعے دبانا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی اجتماعات پر پابندی کے ساتھ ساتھ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف وحشیانہ جرائم میں بھی ملوث ہیں۔علی رضا سید نے دعوی کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگی، جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کا قتل عام اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ صرف مقبوضہ کشمیر ہی نہیں، بھارت امریکہ، کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل اور قتل کی سازشوں میں بھی ملوث ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی کے کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا میں پچھلے سال سکھ رہنما کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ، امریکہ بھی نیویارک میں گزشتہ سال ایک اور سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ایک بھارتی اہلکار کے ملوث ہونے کے دعوے کے حوالے سے تحقیقات کررہا ہے۔ادھر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ایک تازہ ترین ٹیلی ویژن انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں قاتلانہ مہم چلا رہی ہے۔