پاکستان انسانی ترقی میں ہیٹی اور زمبابوے سے بھی پیچھے ،کرپٹ حکمرانوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہے.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا کی پورٹس کے مطابق مہنگائی، لوڈشیڈنگ،بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے پاکستان انسانی ترقی کی عالمی فہرست میں ہیٹی اور زمبابوبے جیسے ممالک سے بھی بہت پیچھے رہ گیا ہے جو کہ ملک و قوم پر مسلط حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس فہر ست میں پاکستان کا نمبر 164 ہے جبکہ بھارت میں انسانی ترقی کے حوالے سے پاکستان سے زیادہ بہتر انداز میں کام کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو انسانی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔عوام کی زندگی میں خوشحالی نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان کو درپیش مسائل حل ہونے کی بجائے دن بدن سنگین ہو رہے ہیں، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے قبل 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،مہنگائی کی شرح 29 اعشاریہ 45 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔ پا کستان کا موجودہ معاشی ڈھانچہ مہنگائی اور غربت میں کمی کرنے کی بجائے اضافے کا باعث بن رہا ہے ۔ سودی معیشت سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کرپشن کے تمام میگا اسکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے ۔جب تک کرپٹ افراد کا مکمل قلع قمع نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان کی معیشت ٹھیک اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی نہیں آسکتی ۔ اداروں میں کرپشن کی ایسی داستانیں منظر عام پر آرہی ہیں کہ سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا ۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے