کشمیر سے افسپا ہٹایا جاسکتا ہے،ایسا ماحول بن چکا ہے، مگر وزارت داخلہ ہی حتمی فیصلہ لے گی: راجناتھ سنگھ


نئی دہلی :بھارت کے  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہے کشمیر سے افسپا کو ہٹایا جا سکتا ہے۔ وادی میں ایسا ماحول بن چکا ہے، لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ وزارت داخلہ ہی کرے گی۔ ان سے برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی اس خبر کے بارے میں بھی پوچھا گیا کہ جس میں ہندوستان نے پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔ اس پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جو بھی ہمارے ملک میں دہشت پھیلاتا ہے اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اور اگر کوئی دہشت گرد ملک میں دہشت گردی کی وارداتیں انجام دینے کے بعد پاکستان جاتا ہے تو ہم اس کا پیچھا کریں گے اور وہیں گھس کر ماریں گے ۔ جب راج ناتھ سنگھ سے کشمیر سے AFSPA ہٹانے کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسے (AFSPA) ہٹانے کو لے کر فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے رپورٹ آنے کے بعد ہی وزارت داخلہ اس پر کوئی فیصلہ کرے گی۔ میں کہتا ہوں کہ کشمیر میں ایسے حالات پیدا ہو چکے ہیں کہ افسپا کو وہاں سے ہٹایا جا سکتا ہے لیکن اس پر جو بھی فیصلہ ہونا ہے وہ وزارت داخلہ ہی لے گی۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی چند دن پہلے دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم افسپا کو ہٹانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ بھارتی حکومت نے 1990 میں جموں و کشمیر میں افسپا نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔