راولپنڈی:جموں وکشمیر لبریشن سیل کے سیکرٹری وجاہت رشید بیگ نے کہا ہے کہ مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت مقبوضہ جموںوکشمیر میںمسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے اپنے نوآبادیاتی منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اورجموں وکشمیر کے بارے میں مودی حکومت کے مذموم عزائم کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ وجاہت رشید بیگ نے ان خیالات کا اظہار کشمیر سنٹر راولپنڈی میں آزاد جموںوکشمیر کی یونیورسٹیوں کے فوکل پرسنز کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مئی کے وسط میں ”مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی آبادیاتی انجینئرنگ اور حق خود ارادیت پر اسکے اثرات”کے عوان سے انٹرا یونیورسٹیز تقریری مقابلوںکا انعقاد کیا جائے گاتاکہ طلباء میں مودی حکومت کی سازشوں کے بارے میں آگاہی پید ا کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموںوکشمیر بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا کو چاہیے کہ وہ کشمیر کاز کو اجاگر اور مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور غیر قانونی اقدامات سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کریں۔ وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کیلئے کشمیریوں کی لازول قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ اس موقع پر جموں وکشمیر لبریشن سیل شعبہ آپریشن کے ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم خان نے فوکل پرسنز کو تقریری مقابلوں اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ فائنل تقریری مقابلے کیلئے طلباء کا انتخاب قطعی طور پر میرٹ پر کیا جائے گا، مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ ، دوسری پوزیشن والے کو اسی ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ساٹھ ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طلباکو تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان ، سردار ساجد محمود، نجیب الغفور خان ، راجہ راشد رضا، فرحان قیوم عباسی اور انجینئر نعمان عباسی بھی موجود تھے جبکہ یونیورسٹیز کی طرف سے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد ڈاکٹر شرجیل، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز پونچھ یونیورسٹی بشارت محمود ، ، شاہد حسین میر لیکچر ڈیپارٹمنٹ آف انگلش فوکل پرسن آف لٹریری سوسائٹی یونیورسٹی آف کوٹلی ، تیمور اکبر چوہدری اسسٹنٹ پروفیسر میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(مسٹ) اور ڈاکٹر خالد اسسٹنٹ پروفیسر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی آف بھمبر نے شرکت کی۔