کشمیر میں لوگوں کو بغیر کسی تفتیش کے جیل میں ڈالنے کا عمل اب پورے بھارت میں پھیل گیا ہے۔محبوبہ مفتی


نئی دہلی— پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے  کہا ہے کہ کشمیر میں لوگوں کو بغیر کسی تفتیش کے جیل میں ڈالنے کا عمل اب  پورے بھارت میں پھیل گیا ہے۔ جموں و کشمیر ایک لیبارٹری ہے، جہاں نئے نئے تجربے کئے جاتے ہیں اور بعد میں ان ہی منصوبوں کو بھارت  میں نافذ کیا جاتا ہے۔

نئی دہلی میں رام لیلا میدان میں انڈیا بلاک کی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری پر بھارتی حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بغیر کسی تفتیش کے جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ میں عمر خالد یا محمد زبیر کی بات نہیں کر رہی ہوں، میں منتخب نمائندوں کے بارے میں بات کر رہی ہوں، یہ میرے لیے حیران کن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے وقت میں خود، فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ، تینوں سابق وزرائے اعلی کو گھروں میں نظر بند کیا گیا تھا اور جنہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے وہی غدار ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور بغیر کسی وجہ یا تفتیش کے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ ایسا تو کشمیر میں دیکھا جاتا ہے اور اب یہ کارروائی پورے  بھارت میں ہو رہی ہے۔