کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جمعہ کوملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم القدس دینی جوش وجذبے سے منانے کا اعلان کردیا۔ مظلوم فلسطینی عوام سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیاجائیگا، مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام پر بجلی گیس کے بعد پٹرول بم کے وار کرکے عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان ذمہ داران ماہانہ تنظیمی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ حکمران شاہ خرچیوں ،مفت خوری سے باز نہیں آتے ،بجلی گیس پٹرول مہنگاکرنے کے بجائے مفت خوری ،بدعنوانی ختم کرکے سادگی وقناعت شروع کی جائے ۔سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کے باوجودکوئٹہ شہر میں سٹریٹ کرائمز کا بڑھنا تشویشناک ہے ۔گران فروشی ،ذخیرہ اندوزی اورتجاوزات کے خلاف مہم قابل تعریف ہے۔ امریکہ کیساتھ تعلقات بڑھانے والوں کو قوم کے دکھ دردمیں شامل ہوکرقوم کیساتھ تعلقات بڑھاناچاہیے۔اجلاس میں عید سے قبل نئی وفاقی حکومت کا عوام پر پہلا وبڑاپٹرول بم گرانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکسز،بجلی گیس وخوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ پٹرول قیمتوں میں بھی بار بار اضافہ کرکے آئی ایم ایف کی ایماء پر غربت بے روزگاری مہنگائی اورقرضوں میں اضافہ کر رہی ہے حکومت اگر ملک کو ترقی دینا چاہتی ہے تو ہرسطح پربھاری تنخواہیںلینے والے وی وی آئی پیز کی مفت بجلی مفت گیس ،مفت پٹرول مفت علاج ،مفت سفری تعلیمی سہولیات ومراعات ختم کیے جائیں۔حکومتی سطح پر سادگی وقناعت اور ایمانداری کورواج دیکر مفت خوری پر مکمل پابندی لگائی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی جمعہ 5اپریل کو مظلوم فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی امریلی مظالم کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائیگا۔اضلاع ہیڈکوارٹرزپر سیمینار،ریلیاں، مظاہرے اورپریس کانفرنسزکیے جائیں گے۔اسرائیل کو تسلیم کرنے اور خطے میں بھارتی بالادستی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔عوام الناس دینی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوم القدس پر احتجاج میں بھر پور شرکت اور امریکی اسرائلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔بدترین مہنگائی کی وجہ سے رمضان المبارم میں غریبوں کے دسترخوان ویران ہوگیے رمضان کے بعد عید کی خوشیاں بھی مہنگائی چھین لیں گے مخیر حضرات ،تاجر برادری وعوام مساکین و مستحقین کی مدداور فلسطین فنڈمیں دل کھو ل کر عطیات جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کو دیں ۔تاجر دکاندار مال وزندگی میں سکون وبرکت اور خیر وعافیت کیلئے غرباء ومساکین کو ریلیف دیتے ہوئے ناجائزمنافع سے گریزکریں بدترین مہنگائی میں سفید پوش طبقات،ضرورت مند لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری زاہدا ختر بلوچ،ممبران اسمبلی نائب امیر صوبہ مولاناہدایت الرحمان بلوچ، عبدالمجید بادینی ،بشیراحمدماندائی،مولانا محمد ایوب منصور،میر محمد عاصم سنجرانی ،حافظ محمد حنیف کاکڑ، سلطان محمد محنتی ودیگر نے شرکت کی اجلاس میں تنظیمی رپورٹ کیساتھ ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے شعبہ جات کی رپورٹ پیش کی اجلاس میں سینٹ الیکشن ،صوبائی حکومت سمیت دیگر تنظیمی سیاسی علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا گیا
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments