بشام خودکش حملے میں ملوث 10 دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار


پشاور(صباح نیوز) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے بشام خودکش حملے میں ملوث 10 دہشت گرد اور سہولت کارگرفتار کر لئے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حملے میں ملوث نیٹ ورک کاتعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے اور خودکش حملہ آورکاتعلق افغانستان سے ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ بارودسے بھری گاڑی چمن کے راستے ڈی آئی خان درہ زندہ پہنچائی گئی تھی،گاڑی شانگلہ کے قریب پٹرول پمپ پر 10دن کھڑی رہی، گاڑی10دن تک 500روپے فی دن کرائے پر پارک کی گئی تھی،گاڑی کونان کسٹم پیڈگاڑیوں کے سمگلرکے ذریعے چکدرہ پہنچایا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خودکش حملے کے روز گاڑی کو دھماکے والی جگہ پہنچایا گیا، گاڑی کو چمن سے چکدرہ پہنچانے والا ایک سہولت کار بلوچستان سے گرفتار کیا گیا،  حملے کا ماسٹر مائنڈ بلال داسو ڈیم حملے میں بھی ملوث اور مطلوب ہے۔