وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی بلوچستان اسمبلی کی رکنیت الیکشن کمیشن میں چیلنج


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی بلوچستان اسمبلی کی رکنیت الیکشن کمیشن میں چیلنج ہوگئی۔ جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ گہرام بگٹی نے ان کی رکنیت چیلنج کی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ میر سرفراز بگٹی کو حلقہ پی بی 10 سے الیکشن لڑنے کی اجازت کیسے دی گئی؟ میر سرفراز بگٹی نگران کابینہ کا حصہ ہوتے ہوئے الیکشن نہیں لڑ سکتے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ میر سرفراز بگٹی نے من پسند پولنگ عملہ تعینات کروا کر استعفیٰ دیا اور الیکشن لڑا، میر سرفراز بگٹی نے کاغذی کارروائی میں جہاں ووٹ لئے اس کی شرح 80 سے 99 فیصد تھی جبکہ 99 فیصد کاسٹنگ کہیں ممکن ہی نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ووٹ ڈالنے والے انگوٹھوں کی تصدیق کی جائے، جب میر سرفراز بگٹی الیکشن لڑنے کے لئے اہل نہیں تو وہ بلوچستان اسمبلی کی رکنیت کیسے رکھ سکتے ہیں؟۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ پی بی 10 کی نشست فوری خالی قرار دے کر ضمنی انتخاب کرایا جائے ۔