قابض انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران مذہبی فرائض کی ادائیگی پر قدغن سے گریز کرے ، میر واعظ


سرینگر :مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے قابض حکام پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران بار بار گھر میں انکی نظربندی اور منصبی اور مذہبی فرائض پر قدغن عائد کرنے سے گریز کریں۔

میر واعظ نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے افسوس ظاہرکیا کہ رمضان المبارک کے دوران فرزندان توحید اپنے عقیدت اور عمل کو توقیت دینے اور مذہبی خطبات سے مستفید ہونے کیلئے دینی اجتماعات کا رخ کرتے ہیں تو انہیں گھر میں نظر بند کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز قابض انتظامیہ نے انہیں میر واعظ محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے گھر میں نظربند کردیاتھا۔انہوں نے تقریب میں شرکت سے روکنے کو اظہار رائے اور مذہبی آزادی پر قدغن قراردیا ۔

میر واعظ نے کہاکہ قابض انتظامیہ کوچاہیے کہ وہ انہیں اپنی دعوتی اور دینی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیں۔انہوں نے کہاکہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اس مہینے میں اپنے زکو اتہ و صدقات کے ذریعہ سماج کے ضرورت مند افراد اور رفاعی اداروں کی مالی معاونت کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حضرت علی کی یوم شہادت کے سلسلے میں حضرت دستگیر صاحب سرائے بالا میں 21رمضان المبارک بروز پیر کومجلس وعظ و تبلیغ منعقد ہوگی۔میرواعظ نے بیٹری چشمہ رام بن کے قریب ایک المناک سڑک حادثے میں 10افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔