جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کرکے ظلم پر مبنی طاغوتی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد کررہی ہے ،ڈاکٹر محمد مشتاق

دھیرکوٹ(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کرکے ظلم پر مبنی طاغوتی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد کررہی ہے،عوام 76برس سے سیاسی مافیہ اور چند کرپٹ بیووکریٹس کے ہاتھوں یرغمال ہیں،جماعت اسلا می چاہتی ہے کہ ظلم پر مبنی اس استحصالی نظام کو ختم کرکے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام نافذ کیاجائے،اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمیں معاشرے میں بکھیری خیر کو جمع کرنا ہوگا ،تمام اہل خیر لوگ جماعت اسلامی کا حصہ بنیں گے تو تبدیلی آئے گی،ان خیالات کا اظہارانھوںنے اپنے دورہ غربی باغ کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر غربی باغ کے ذمہ داران نے بھی خطاب کیا،تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ ریاست کے وسائل درست انداز سے استعمال میںلائے جا تے تو آج آزاد خطہ ترقی میںیورپ سے آگے ہوتا،نااہل قیادت نے اپنے اور اپنے عزیزوں کو نوازنے کے سوا عوام کے لیے کچھ نہیںکیا روایتی پارٹیاں اور قیادتیں فیل ہوچکی ہیں،جماعت اسلامی کے پاس امانتدار اوردیانتدار قیادت موجود ہے جماعت اسلامی نے حکو مت میںنہ ہوئے بھی عوام کی مثالی خدمت کی اور کررہی ہے اسی طرح تحریک آزادی کشمیرکے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہے ،جب تک خطے میں میرٹ قائم نہیں ہوگا باصلاحیت نوجوان آگے نہیں بڑھ سکتے ۔بے روزگاری کے  خاتمے کے لیے میرٹ کا قیام ضروری ہے،بجلی کے بلات میںنارواٹیکسز کا خاتمہ ضروری ہے۔غریب عوام ٹیکسز کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں ریاست کا جوکردار بنتاہے وہ ادا نہیں کیاجارہاہے۔