وفاقی وزیر داخلہ کا چینی سفارت خانے کا دورہ ، بشام واقعہ کی تحقیقات کیلئے چین سے آئی ٹیم سے ملا قات


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور بشام واقعہ کی تحقیقات کے لیے چین سے آئی تفتیشی ٹیم سے ملا قات کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور حملے سے متعلق ہونے والی اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں چینی شہریوں کے تحفظ اور مجموعی سکیورٹی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ٹیم خصوصی طور پربشام واقعہ کی تحقیقات کے لئے چین سے آئی ہے

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ٹیم کو حملے کے بارے اب تک ہونے والی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ وزیرداخلہ محسن نے یقین دہانی دلائی کہ شانگلہ حملے کے اصل ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔