مقبوضہ کشمیر : میرواعظ دوبارہ گھر میں نظر بند


سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا۔

قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو سرینگر میں مرحوم میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے گھر میں نظر بند کردیا ہے۔انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں میرواعظ کی دوبارہ گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ میر واعظ کو رمضان المبارک کیدوران انکے مذہبی فرایض کی ادائیگی سے روکنے کے لیے گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔

انجمن اوقاف نے کہا کہ سرینگر میں میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ مرحوم کی یاد میں ہونے والی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرنی تھی تاہم میر واعظ کو رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا۔