قرض ادائیگی کے لیے دیا گیا 70 لاکھ روپے کا چیک باؤنس ہونے پر ملزم نجیب کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (صباح نیوز) تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں 70 لاکھ  روپے قرض کی ادائیگی کے لیے دیا گیا چیک باؤنس ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ تھانہ گلشن اقبال لاہور میں درج ایف آئی آر کے مطابق زاہد حسین ولد محمد اسماعیل سکنہ مصطفیٰ ٹاؤن لاہور  نے سید محمد نجیب ولد سید عارف شاہ سکنہ نیو گارڈن ٹاؤن لاہور کو گواہان ریاض الحق اور محمد احمد کی موجودگی میں ستر لاکھ روپے کا قرض دیا ۔

زاہد حسین کے مطابق مدعی کا ملزم سے پرانا اعتماد کا تعلق واسطہ ہے جس کی وجہ سے ادھار پر رقم دی اور ملزم نے یہ قرض لیکر تین چیک بالترتیب چالیس ، بیس اور دس لاکھ روپے کے میرے  حوالے کئے ۔ قرض کو ایک سال گزرنے پر میں نے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو وہ لیت و لعل سے کام لینے لگا جس پر میں نے متذکرہ تینوں چیک کیش کروانے کے لیے بینک میں جمع کروائے اور یہ چیک متعلقہ اکاؤنٹ میں رقم ناکافی ہونے پر واپس لوٹا دئیے گئے ۔ چیک باؤنس ہونے پر سائل نے ایک بار پھرنجیب  سے رابطہ کیا جس نے نہ صرف رقم واپس کرنے سے انکار کیا بلکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دینا شروع کر دیں ۔ ملزم نے سائل کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ کرتے ہوئے چیک جاری کیا جو باؤنس ہو گیا ۔درخواست ہے کہ ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سائل کو اس کی رقم واپس دلوائی جائے ۔