وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدارت میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر پشاور میں اجلاس

پشاور +اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخواہ فرنٹ فٹ پر ہے، سی ٹی ڈی کا کردار مرکزی رہا، محسن نقویوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخواہ فرنٹ فٹ پر ہے اور سی ٹی ڈی نے اس جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ کو ڈیٹا سنٹر، کرائم سین یونٹ، سی آئی اے یونٹ اور دیگر شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔اجلاس میں سی ٹی ڈی خیبرپختونخواہ کی استعدادکار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو موثر بنانے کیلئے ضروری ڈیٹا تک رسائی کی سہولت دی جائے گی اور ڈیٹا شئیرنگ کا موثر میکنزم بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخواہ کے سائبر سیل کو مزید وسعت دی جائے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن معاونت کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کا ادارہ موثر انداز میں کام کر رہا ہے اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔

اجلاس میں نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر رائے طاہر، انسپکٹرجنرل خیبرپختونخواہ پولیس اختر حیات گنڈاپور اور سی ٹی ڈی کے حکام نے بھی شرکت کی۔ آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متعلق بریفنگ دی۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی شوکت عباس نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔