وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کاتاثراچھانہیں گیا،ملک احمد خان بھچر


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میں قائدحزب اختلاف ملک احمدخان بھچرنے کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سے ملاقات کاتاثراچھانہیں گیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرملک احمدخان بھچر نے اسمبلی کے باہرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنڈی سے ہمارے اسیران رہا ہوئے تو ڈپٹی کمشنر نے سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا ،ایک جماعت کو دبانے کے لئے کتنی کارروائیاں کریں گے۔

ملک احمدخان بھچر نے کہا کہ سینیٹ کی دو نشستیں ہماری فائنل ہوگئیں ،ہمارے ممبر رابطے میں تھے اس لئے دو سیٹ طے تھی ۔ یہ کوئی کسی کی جانب سے احسان نہیں کیا گیا ۔ حکومت اس ڈر کے مارے چول مار رہی ہے ۔ ان کا لا اینڈ آرڈر پر کنٹرول نہیں ، پولیس کو صرف تحریک انصاف کے خلاف کارروائیوں کے لئے رکھا ہے،رمضان میں چیزوں کی قیمتوں میں ستر فیصد اضافہ ہوگیا، احتجاج کے حوالے سے فیصلہ ہماری لیڈر شپ کرے گی ۔