شہبازشریف کا سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کی منظور قرارداد پرفوری عمل درآمد کا مطالبہ

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔سیکیورٹی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو وزارت خارجہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور ہائی کمشنرز کے اعزاز میں افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک نعمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، یہ تقریب ہماری ثقافتی اقدار اور بین المذاھب ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے،ہم نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں جو ماہ رمضان میں بھی ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد کا خیر مقدم کرتا ہے،اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی قرارداد پرفوری عمل درآمد ہو نا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گورننس کے نظام میں اصلاحات اور ملک کا معاشی استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،ملکی مفادات کی ترویج کے لیے ہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔